بھٹکل:9؍ ستمبر(ایس اؤ نیوز) انجمن بوائز ہائی اسکول میں انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے رکن انتظامیہ اور دبئی جماعت کے سابق صدر محمد اشفاق سعدا کے ہاتھوں ’سائنس لیباریٹری ‘ کا افتتاح عمل میں آیا۔
اس موقع پر جناب اشفاق صاحب نے نہایت مسرت اور خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اسکول کی سائنس لیباریٹری میں ہائی اسکول طلبا کےلئے ضروری تمام سائنسی سازسامان موجود ہیں جسے خوب صورتی کے ساتھ مزین کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے طلبا اور انجمن کو دیگر ضروریات کی چیزوں کو فراہم کرنے کے لئے دبئی جماعت کی جانب سے ہرممکن کوشش کرنے کا تیقن دیا۔
بھٹکل انجمن انجینرنگ کالج سے فارغ میکانیکل انجینر جناب اشفاق سعدا جو دبئی کی ایک نامور کمپنی میں فائر فائٹنگ ڈیویژن میں جنرل مینجر کے عہدہ پر کام کرنے کا تجربہ رکھتے ہیں، نے اس موقع پر طلبہ کو مفید مشوروں سے نوازتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں بہترین صلاحیتیں اور ٹیلنٹ پایا جاتا ہے، اگر ہمارے طلبہ تعلیم کے میدان میں سخت محنت کریں تو اعلیٰ نمبرات حاصل کرتے ہوئے اعلیٰ مناصب پر فائز ہوسکتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے اساتذہ سے کہاکہ وہ پڑھائی میں کمزور طلبا کی طرف خاص توجہ دیں انہیں مرحلہ وار آگے بڑھائیں تاکہ وہ بھی ذہین طلبا کے ساتھ آگے بڑھ سکیں۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن سے ہوا۔ طلبا نےترانہ انجمن پیش کیا۔ اس موقع پر انجمن حامئی مسلمین کے نائب صدر محمد صادق پلور، جنرل سکریٹری اسماعیل صدیق، اسکول بورڈ سکریٹری سعداللہ رکن الدین ،صدر مدرس عبداللہ رکن الدین سمیت دیگر اراکین انتظامیہ ، اساتذہ اور طلبا موجود تھے۔